کرپٹ حکمرانوں نے تمام سرکاری اداروں کو تباہ وبرباد کردیا ہے

149

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے وزرات پیٹرولیم میں2کھرب سے زائد کی بے ضابطگیاں اور واپڈا کا گردشی قرضہ500ارب روپے تک پہنچنے پرشدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے تمام سرکاری اداروں کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔یہ حکومت کی انتہائی نااہلی اور مایوس کن کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ موجودہ حکومت نے اقتدارمیں آنے کے ساتھ ہی بلند وبانگ دعوے کیے تھے اورچھے ماہ میں لوڈشیڈنگ کوختم کرنے کی نوید بھی سنائی تھی مگر بدقسمتی سے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت نہ تو لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوسکا اور نہ ہی دیگر مسائل میں کمی ہوسکی۔گردشی قرضے پہلے سے بھی بڑھ چکے ہیں جبکہ رہی سہی کسروزارت پیٹرولیم میں کھربوں روپے کی حالیہ کرپشن نے پوری کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ موسم سرماکی آمد کے باوجود لوڈشیڈنگ کا ہونااس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت بجلی کے بحران پر ابھی تک قابو نہیں پاسکی۔لوگوں کوکئی کئی گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ملک میں لوٹ مار کابازار گرم ہے۔کمیشن مافیا غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ منافع بخش ادارے حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث خسارے میں جاچکے ہیں۔حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔سوا چار سال سے زائدکا عرصہ ہوچکا ہے مگر عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی لحاظ سے ملک دن بدن ابتر صورتحال کا شکار ہوتا چلاجارہا ہے۔ کرپشن نے ملکی معیشت کو عملاً مفلوج بناکر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کا سب سے بڑامسئلہ محب وطن قیادت کافقدان ہے۔اگر پاکستان کو پڑھی لکھی اور ایماندار قیادت میسر آجا ئے تویہ تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔ہمارے سامنے کئی ممالک کی مثالیں موجودہیں جہاں محب وطن قیادت نے کرپشن کے تمام راستے بند کرکے ملک وقوم کو باوقارممالک کی صف میں لاکھڑاکیا۔چین،ترکی اورملائیشیا میں عوام کامعیار زندگی بلند ہوچکا ہے اوران ملکوں کی معیشت بھی خاصی مضبوط ہوچکی ہے۔پاکستان میں بھی اگر کرپشن کاخاتمہ ہوجائے تو ملک بہت جلد ترقی وخوشحالی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔