اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشت گردی ختم کرنے والے کو عدالتوں میں گھسیٹا جارہا ہے، ہم نے وعدہ کیا تھا ’اے وطن تیرے اندھیرے مٹائیں گے ہم ‘ جتنی بجلی پیداوار اس دور میں ہوئی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جب ہم پاورپروجیکٹس لگارہے تھے ایک شخص اسلام آباد لاک ڈاؤن کی بات کررہاتھا، آج وہی شخص اسی کنٹینرپرکھڑا آئیں بائیں شائیں کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وعدوں کی تکمیل ہورہی ہے، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، دہشت گردی ختم کرنے کا وعدہ پورا کرنے والا عدالتوں میں پیش ہورہاہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتوں میں پیش ہونے کا بھی مقصد ہے،آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ آج بھی پیش ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے عدالت کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا، عوام 2018ء میں پھر نواز شریف کو منتخب کریں گے۔علاوہ ازیں پریس کلب کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ٹی وی چینلز بند ہونا میرے لیے بھی ایک تکلیف دہ لمحہ تھا،بعض چینلز دھرنے کے دوران پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے ،ملکی مفاد میں چینلز کی بندش کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا ۔ پیمرا قوانین میں ترامیم کی جو تجاویز مرتب کی جارہی ہیں اس میں صحافیوں کی رائے بھی شامل کی جائے گی ۔ آمریت کے دور میں بننے والے تمام آمرانہ قوانین میں جمہوری تقاضوں کے مطابق ترامیم ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے اسی طرح آزادی اظہار رائے کو یقینی بنانا بھی ریاست کی ذمے داری ہے لیکن آزادی اظہار رائے کو استعمال کرنا اس سے بھی بڑی ذمے داری ہوتی ہے۔