پیٹرول کے نرخ میں اضافے سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے

166

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر خالدمحمود چودھری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے عوامی مشکلات میں اضافے کی قسم کھارکھی ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روز بروز اضافے نے غریب عوام خصوصاً سرکاری ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔حکومت اگرعوام کی زندگی آسان نہیں بناسکتی تواسے اجیرن بنانے کابھی کوئی حق حاصل نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرمقامی رہنما ملک بشیر، باؤ طاہر ، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،محمد نعیم اختر،محمد رمضان، عمران کاہلوں ،عدنان خٹک،محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابراور نورالدین و دیگر زونل ذمے دارا ن بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت 20 کروڑ عوام ذہنی اذیت کاشکار ہیں۔مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔بے روزگاری اورغربت نے مزدور طبقے کوفاقہ کشی اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو جرائم کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے غریب کو تعلیم ،صحت ،روز گار اور چھت سے محروم رکھا ہے جبکہ حکمران ٹولہ قومی دولت سے عیش وعشرت کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرومیوں اورمجبوریوں میں جکڑ ے ہوئے عوام انتہائی پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں ،حکمران ٹولے نے عوام کی خوشیاں چھین کر انہیں مسائل کے حوالے کردیا ہے ،غریب پر تعلیم ،صحت، روز گار اور انصاف کے دروازے بند ہیں ، دولت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانہ لوٹتے ہیں اور ملک سے باہر منتقل کردیتے ہیں جبکہ عام آدمی دو وقت کے کھانے سے بھی محروم ہے۔