لندن(مانیٹر نگ ڈ یسک)سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی اور کو بھی پکڑو صرف وزیر اعظم کا گلا کیوں د بوچتے ہو،پہلے آمر اب عدلیہ نے حکومت ختم کردی۔ لند ن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ 5 ججوں کے فیصلوں سے ملک کاستیا ناس ہو گیا ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 1999ء میں جنرل (ر) پرویز مشرف نے ہماری حکومت ختم کی، اس بار عدلیہ نے ایسا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 5ججوں نے جو کیااس سے ملک کا ستیا ناس ہوگیا،انہوں نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، قوم تک یہ باتیں پہنچ رہی ہیں، قوم دیکھ رہی ہے۔ نواز شر یف نے کہا کہ پاکستان میں ڈکٹیٹر بھی وزیراعظم کو پکڑتا ہے اور جج بھی وزیراعظم کو پکڑتے ہیں، میں اس احتساب کو قطعاً نہیں مانتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ بہت محنت سے ہم نے ملک کے معاملات ٹھیک کیے، بجلی لائے، دہشت گردی کم کی لیکن اب پھر دہشت گردی ہونے لگی ہے تاہم ہمیں یہ صلہ ملا کہ میرے اور میرے بچوں کے خلاف مقدمے بنائے گئے۔نواز شریف نے کہا کہ ملک میں جو اندھیرے پیدا کرتے ہیں وہ عیش کررہے ہیں اور جو روشنیاں پھیلاتے ہیں وہ پریشان ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013ء میں جب سے اقتدار سنبھالا ہے دھرنے دیکھتے آئے ہیں، یہ کیسا رواج بن گیا ہے، کوئی دھرنوں سے کم بات ہی کرتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اترے ہیں، 2013ء میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ہم نے وعدہ کیا کہ ہم اسے ختم کریں گے، آج لوڈشیڈنگ نہ صرف ختم ہوگئی بلکہ ہم اضافی بجلی بھی پیدا کررہے ہیں۔