ملکی اداروں میں کرپشن کینسر کی طرح پھیل چکا ہے،رانا عدنان خان

190

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ ضلعی صدرراناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجر،ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں خالد حسین ، نائب صدور سلیم انصاری،چودھری فاروق باجوہ، میاں محمدعمران اوروقاص مجیدودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ وزارت پیٹرولیم میں 2کھرب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کے خسارے کو پورا کرنے کیلیے کیا گیا ہے جس کی جے آئی یوتھ بھر پور مذمت کرتی ہے۔ رانا عدنان خان نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملکی اداروں میں کرپشن کینسر کی طرح پھیل چکا ہے جس کے ذمے دار خود حکمران ہیں۔ حکمرانوں نے سوا چار سالوں میں ٹیکسز اور مہنگائی کے ذریعے غریبوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر تمام ضروریات زندگی پرپڑتا ہے جس سے ملک کے متوسط طبقات کے لوگ متاثر ہوتے ہیں اور ان کیلیے اپنے بچوں کی دووقت کی روٹی مشکل ہوجاتی ہے۔جے آئی یوتھ کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی کے زہر آلودتھپیڑوں سے نجات کیلیے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے اوروزارت پیٹرولیم میں 2کھرب سے زائد بے ضابطگیوں کے معاملے پر اہل اور ایماندار افراد پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے اور ذمے دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔