ایک سو 80کلو وزن اٹھا کر 8 گھنٹے تک پرواز کرنے والاڈرون تیار

392

روسی انجینئرز نے ایسا سخت جان ڈرون تیار کیا ہے جو 400 پونڈ یعنی 180 کلوگرام وزن اٹھا کر 8 گھنٹے تک مسلسل پرواز کرسکتا ہے۔ کئی پنکھڑیوں والے اس ڈرون کو ’ایس کے وائی ایف‘ کا نام دیا گیا ہے لیکن ماہرین اسے ڈرون کا ہلک کہہ رہے ہیں کیونکہ اسے بھاری سامان اٹھا کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
’ایس کے وائی ایف‘ مکمل طور پر خودکار ہے جس پر کئی پنکھڑیاں لگی ہیں یہ فصلوں کو اٹھانے اور کارخانوں کا بھاری سامان پہنچانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ڈرون ہنگامی حالات میں غذا اور دوائیں بھی پہنچا سکتا ہے اور ساتھ ہی فصلوں تک کیڑے مار دوائیں اور دیگر اشیا کی ترسیل کا کام بھی کرسکتا ہے۔
’ایس کے وائی ایف‘ کو روسی کمپنی اے آر ڈی این ٹیکنالوجی نے بنایا ہے، اس کی لمبائی 17 فٹ اور چوڑائی 8 فٹ کے لگ بھگ ہے، یہ 3 ہزار میٹر بلندی اور 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پر پرواز کرسکتا ہے۔ ڈرون کو پرواز کے لیے تیار کرنے میں صرف 10 منٹ لگتے ہیں اور یہ سیدھا یا عمودی طور پر اڑتا اور اسی طرح لینڈ کرتا ہے۔ ’ایس کے وائی ایف‘ کی مزید آزمائشی پروازیں جاری ہیں۔
’ایس کے وائی ایف‘ کو اوپر اٹھانے والے انجن گیسولین استعمال کرتے ہیں جبکہ برقی موٹریں اس دورانِ پرواز سیدھا رکھتی ہیں کیونکہ زائد وزن کی صورت میں ڈرون کو ہموار اور سیدھا رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ہرطرح کے موسم میں اپنا سفر جاری رکھتا ہے اور اسے سامان اٹھانےوالا ڈرون کہا جاسکتا ہے۔
ایسے ڈرون کو مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں سامان اور ڈاک وغیرہ کے لیے بھیجا جاسکتا ہے۔ اس کےعلاوہ معمولی تبدیلی کے بعد اس سے آگ بجھانے اور امداد کا کام بھی لیا جاسکتا ہے۔