قبائلی عوام کو حقوق سے محروم کرنے کیخلاف دھرنا دیں گے، مشتاق خان

274
پشاور،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان جماعت اسلامی فاٹا اور جے آئی یوتھ کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 
پشاور،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان جماعت اسلامی فاٹا اور جے آئی یوتھ کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کی صدارت میں فاٹا مرجر لانگ مارچ کے حوالے سے جماعت اسلامی فاٹا اور جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے ذمے داران کا اجلاس المرکز الاسلامی پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع، نائب امیر اور فاٹا امور کے انچارج صاحبزادہ ہارون الرشید، جماعت اسلامی فاٹا کے نائب امیر ڈاکٹر منصف خان اور جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار شریک تھے۔ اجلاس میں فاٹا مرجر لانگ مارچ اور دھرنے کے انتظامات اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے 15کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن میں میڈیکل کمیٹی، ٹرانسپورٹ کمیٹی، میڈیا کمیٹی، یوتھ کمیٹی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں اور انہیں لانگ مارچ اور دھرنے میں شرکت کی دعوت دینے سمیت دیگر کمیٹیاں بنائی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا کہ فاٹا انضمام اور حقوق کے لیے لانگ مارچ غیر معمولی طور پر کامیاب مارچ ہوگا۔ ایف سی آر ظلم کا نظام ہے، ہم ظلم کے نظام کو نیست و نابود کردیں گے، ایف سی آر کو ختم کرکے دم لیں گے۔ ایف سی آر کی وجہ سے ایک کروڑ قبائلی عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ ہم قبائلی عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ وفاقی حکومت اپنی بنائی گئی سرتاج عزیز کمیٹی کی رپورٹ پر عمل نہیں کررہی، سرتاج عزیز کمیٹی کی رپورٹ میں واضح طور پر یہ بات لکھی گئی ہے کہ فاٹا کے عوام صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں۔ حکومت فاٹا انضمام کے معاملے کو پیچیدہ بنا رہی ہے۔ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام قبائلی عوام کی خواہش ہے، حکومت قبائل دشمنی سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ 10دسمبر کا لانگ مارچ اور دھرنا تاریخی ہوگا، لانگ مارچ اور دھرنے میں جنوبی وزیرستان سے لے کر باجوڑ تک ہزاروں کی تعداد میں قبائلی عوام بالخصوص نوجوان، علما کرام، طلبہ، وکلا، صحافی اور دوسرے طبقہ فکر کے افراد شریک ہوں گے۔ ہم ڈی چوک اسلام آباد میں حکومتی رویے اور قبائلی عوام کو حقوق سے محروم کرنے کیخلاف دھرنا دیں گے۔