خصوصی افراد معاشرے کے کارآمد شہری ہیں ،خالد وقاص

197

پشاور(وقائع نگار خصوصی)خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی افراد میں انعامات کی تقسیم کیلیے الخدمت فاؤنڈیشن،فرینڈز آف پیراپیلیجک سینٹر حیات آباد،آئی سی آر سی،انجمن ہلال احمر،پشاور زلمی،آئی ایم سائنسز اور دیگر فلاحی اداروں کے اشتراک سے اسپورٹس کمپلیکس حیات آباد پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے بھر سے خصوصی افراد اور پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص ، پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بولر محمد اکرم،پیراپیلیجک سینٹر حیات آبادکے ڈائریکٹر ڈاکٹر الیاس سید،آئی سی آر سی کے نمائندے پیٹرک،الخدمت پشاور کے صدر فدامحمداورنائب صدر ارباب عبدالحسیب سمیت مختلف فلاحی اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی افراد میں شیلڈز اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص ،پیراپیلیجک سینٹر حیات آبادکے ڈائریکٹر ڈاکٹر الیاس سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کے کارآمد شہری ہیں، ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا مشترکہ ذمے داری ہے۔