ڈاڑھی بیکٹیریا سے تحفظ دینے کے لیے مفید

267

چہرے پر داڑھی ہونا آپ کو جان لیوا بیکٹیریا سے تحفظ دے سکتا ہے۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔بوسٹن کے بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل کی تحقیق میں ڈاڑھی رکھنے والے اسپتال کے عملے کا جائزہ لے کر بتایا گیا ہے کہ چہرے کے یہ بال صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تحقیق کے مطابق ڈاڑھی اسپتال کے عملے میں شامل مردوں کو ادویات کے خلاف مزاحمت کرنے والے خطرناک بیکٹیریا سے تحفظ دیتی ہے۔ 408 مردوں کے چہرے کا جائزہ لینے کے بعد محققین نے بتایا کہ کلین شیو افراد کے گالوں پر MRSA نامی بیکٹیریا کی موجودگی کا خطرہ 3گنا زیادہ ہوتا ہے۔محققین کے مطابق چہرے کے بالوں کو صاف کرنا جلد پر ہلکی خراشوں کا باعث بنتا ہے جو بیکٹیریا کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔MRSA ایک عام انفیکشن ہے اور اکثر اس کے شکار وہ افراد ہوتے ہیں جو اپنا زیادہ وقت اسپتالوں میں گزارتے ہیں اور اکثر اس سے چھٹکارے کا حل سرجری سے ہی ممکن ہوتا ہے۔اس بیکٹیریا کے نتیجے میں ہڈیوں، جوڑوں، پیشاب کی نالی، دوران خون، دل کے والو اور پھیپھڑوں میں جان لیوا انفیکشن بھی ہوسکتا ہے اور موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ضروری نہیں کہ کسی شخص کی جلد پر MRSA کی موجودگی سے یہ اشارہ ملتا ہو کہ وہ انفیکشن کا شکار ہوجائے گا۔تاہم محققین کے مطابق یہ ضرور ثابت ہوتا ہے کہ ڈاڑھی صحت کے لیے بہت فائدہ مند چیز ہے۔یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف ہاسپٹل انفیکشن میں شائع ہوئی۔