نیب ریفرنسز: بینک منیجر کی دستاویزات پر نوازشریف کا اعتراض مسترد

268

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نجی بینک کی منیجر کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے پر نوازشریف کے اعتراضات مسترد کردیے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت جج محمد بشیر کررہے ہیں۔سابق وزیراعظم کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں نوازشریف کے نمائندے ظافر خان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نجی بینک کی منیجرنورین شہزاد نے دستاویزات جمع کرائیں جسے عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔نجی بینک منیجر کی جانب سے دستاویزات پر نواز شریف کی وکیل عائشہ احد نے اعتراضات دائر کیے جسے عدالت نے خارج کردیا۔ عائشہ احد نے اعتراض کیا کہ نورین شہزاد گواہوں کی فہرست میں شامل نہیں لہٰذا ان کی دستاویزات کو ریکارڈ پر نہیں لایا جاسکتا جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ نورین شہزاد گواہ نہیں، اصل گواہ ملک طیب ہی ہیں اور وہ بھی اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔نوازشریف کے اعتراضات مسترد کیے جانے کے بعد استغاثہ کے گواہ ملک طیب نے بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد کیس کی مزید سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔