***۔۔۔۔۔۔ اندرون ملک ۔۔۔۔۔۔***

262

راولپنڈی (بی این پی ) رہنما مسلم موومنٹ پاکستان آغا قیصر علی طوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فاٹا اصلاحات میں بڑی رکاوٹ خود حکومت ہے فاٹا میں اصلاحات اور انضمام تک فاٹا کی عوام اپنی جدوجہد جاری رکھے گی موجودہ حکومت فاٹا عوام سے انصاف کے تقاضے پورے کرے منافقت کی دکان حکومت پاکستان کو بند کرنا ہو گی آغا قیصر علی طوری نے کہا کہ فاٹا میں قیام امن کے فروغ کے لیے اور خصوصاً پاراچنار میں پاک فوج کے آنے سے کرم ایجنسی میں امن و امان قائم ہوا ۔فاٹا کی غیور قبائل اور پاراچنار کی بہادر عوام افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں آغاقیصر علی طور ی نے کہا کہ سپہ سالار پاکستان قمر جاوید باجوہ کی پاکستان میں اور خصوصاً فاٹا میں قیام امن کے لیے خدمات قابل تحسین اور قابل قدر ہیں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے انتخابات سے پہلے فاٹا کوآئینی اور قانونی اختیارات نہ دیے توپورے پاکستان میں دمادم مست قلندر ہو گا** پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں جمعرات کو حویلیاں حادثہ کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام حادثہ کا ایک سال مکمل ہونے پر کیا گیا ہے۔ شرکاء نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ کی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں ملک کے معروف ثناء خواں جنید جمشید بھی شامل تھے** وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن جمہوری روایات کی امین جماعت ہے، جن معاشروں میں رائے عامہ کو اہمیت دی جاتی ہے وہی پنپتے ہیں۔ووٹرز کے قومی دن پرلاہور سے جاری ایک پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں ووٹ کی اہمیت اور تقدس جمہوری نظام کی مضبوطی میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ جمہوری اقدار اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جمہوری ادارو ں کی مضبوطی کیلیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ** سانحہ حویلیاں کوایک برس بیت گیا لیکن جاں بحق ہونے والوں کی یادیں ورثا کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں جب کہ متاثرین نے شکوہ کیا ہے کہ پی آئی اے اور حکومتی اداروں نے داد رسی تو کیا پہلی برسی پر تعزیت بھی نہیں کی۔حویلیاں میں قومی ائر لائن( پی آئی اے) کے طیارہ کو پیش آنے والے حادثہ کو ایک سال بیت ہو گیا۔ اس سانحے نے 47 خاندانوں کو رلا دیا جب کہ اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی یادیں ورثا کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ دوسری جانب طیارے حادثے میں جا اپنوں کو کھونے والے 20خاندانوں کو انشورنس کی رقم نہیں ملی** سبی اور گردونواح میں3.8 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا ، کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اوردفاتر سے باہر نکل آئے جمعرات کی صبح سبی اور گردو نواح میں صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اوردفاتر سے باہر نکل آئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز سبی سے80 کلو میٹر دور شمال مشرق کا علاقہ تھا ۔ زلزلے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی**عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے چارسدہ سے تعلق رکھنے والے محمد ظاہر خان عمر زئی کو صوبائی کونسل کا ممبر نامزد کر دیا ہے جبکہ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے اُن کی نامزدگی کاباقاعدہ نوٹیفکیشن اے این پی سیکرٹریٹ باچا خان مرکز سے جاری کر دیا ہے**ضلعی انتظامیہ نے محکمہ لائیو اسٹاک کے ہمراہ مشترکہ کاروائی کر تے ہوئے ورسک روڈ اور حسن گڑھی سے ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کر نے پر 14گوالوں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور اسلام زیب کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اصلا ح الدین نے محکمہ لائیو اسٹاک کے ویٹرینری آفیسر ڈاکٹر عبدالباسط کے ہمراہ ورسک روڈ اور حسن گڑھی کے علاقوں میں مختلف دودھ کی دوکانوں میں جدید موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ کا تجزیہ کیا گیا۔کاروائی کے دوران 14 گوالوں کے دودھ میں وافر مقدار میں دودھ کی تصدیق ہونے پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے غصے کا اظہار کر تے ہوئے گوالوں کو گرفتار کر لیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کر نے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔