امریکی صدر کا القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا تشویشناک ہے ،رانا عدنان

190

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ ضلعی صدرراناعدنان خان،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجر،ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں خالد حسین ، نائب صدور سلیم انصاری،چودھری فاروق باجوہ، میاں محمدعمران اوروقاص مجید ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے پر گہری تشویش او ر امریکی عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکا کی طرف سے یہ اعلان آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا،جس سے پوری دنیا جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام مکہ اور مدینہ کے بعد بیت المقدس کو مقدس ترین خطہ سمجھتا ہے اور دنیا بھر کے مسلمان مسجداقصیٰ سے عقیدت و محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکا کی طرف سے ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ راناعدنان خان نے ترک صدر طیب اردوان اور محمود عباس کی طرف سے امریکی اعلان کو مسترد کرنے کو سراہتے ہوئے کہاکہ مسلم دنیا کا کوئی حکمران بھی اس ناپاک منصوبے میں امریکا کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور انصاف پسند مغربی و یورپی ممالک کو بھی اس کی مذمت کرنی چاہیے تاکہ امریکا کو واضح پیغام جاسکے کہ ٹرمپ کی طرف سے ایسی کسی کوشش کا ساتھ نہیں دیا جاسکتا۔جے آئی یوتھ کے رہنماؤں نے عالم اسلام، خصوصاً پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سطح پر امریکی اعلان کی شدید مذمت کی جائے اور عالمی سطح پر اس کو ناکام بنانے کے لیے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مزید برآں ضلعی صدرراناعدنان خان نے آج مورخہ 8دسمبر بروزجمعہ بعدازنمازجمعہ المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار سے گھنٹہ گھرتک امریکا کے خلاف ہونے والی ریلی میں جے آئی یوتھ کے کارکنان کوبھرپورشرکت کی ہدایت کی ہے۔