امریکا اور اسرائیل دنیا کونئی صلیبی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں

276

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور اپنا سفارتخانہ وہاں کھولنے کے اعلان پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ حکومت کے اس افسوس ناک فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، یہ امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے امریکا اور اسرائیل دنیا کونئی صلیبی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں خون کی ہولی کھیلنے کی خوفناک سازش کی گئی ہے۔ یہود و نصاریٰ سازش کے تحت آپس میں گٹھ جوڑ کرکے اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اسلام امن واخوت کا دین اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ امریکا اور یورپ میں بڑی تیزی سے اسلام پھیل رہا ہے۔ مغربی ممالک کو اسلام دشمن طرز عمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسلم دنیا کے تمام ممالک کو اس اہم مسئلے پر متحد کرے۔ اس اہم معاملے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جانا چاہیے۔ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کا خواب دیکھنے والے درحقیقت احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ امریکا دنیا کا ٹھیکیدار بننے کے بجائے اپنی حدود و قیود میں رہتے ہوئے کام کرے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس مذموم اقدام کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔