قبلہ اوّل کو دشمن کے قبضے میں نہیں جانے دیں گے، مشتاق احمد خان

183
پشاور،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان امریکا کے خلاف جلسے سے خطاب کررہے ہیں 
پشاور،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان امریکا کے خلاف جلسے سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اس سلسلے میں مرکزی مظاہرہ پشاور میں ہو ا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان، ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان، جنرل سیکرٹری عتیق الرحمن اور مسجد مہابت خان کے مہتمم محمد طیب قریشی اور جے آئی یوتھ ضلع پشاور کے صدر صدیق الرحمن پراچہ نے کی، مظاہرے کا آغاز تاریخی جامع مسجد مہابت خان سے ہوا اور اس نے چوک یادگار پرجلسے کی شکل اختیار کی۔ مظاہرین امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے امت مسلمہ کی پیٹھ پر وار کیا ہے۔ القدس مسلمانوں کا تھا مسلمانوں کا ہی رہے گا، ہم القدس پر کسی اور کا تسلط تسلیم کرنے کو تیار نہیں، القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا دراصل گریٹر اسرائیل کے نقشے میں رنگ بھرنا ہے، اب اسرائیل کا اگلا ہدف بیت اللہ ہوگا۔ ہم امریکا کے جنونی صدرکے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس اعلان کو مسترد کرتے ہیں۔ بیت المقدس پوری مسلم امہ کے لیے ریڈ لائن ہے،امریکا اور اسرائیل اس سرخ لکیر کو عبور کرنے سے باز رہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ القدس کو اسرائیلی دارالخلافہ تسلیم کرنا امریکا کا امت مسلمہ کے خلاف کھلا اعلان جنگ ہے، امریکی صدر کا اعلان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ امت مسلمہ کے حکمران مجرمانہ نیند سے بیدار ہوں اور امت کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔ مسلم حکمران غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹھ کھڑے ہوں اور امریکا سے ہر قسم کے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کریں اور امریکا کا ہر قسم کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ القدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اسے دشمن کے قبضے میں نہیں جانے دیں گے، دنیا بھر کے مسلمان قبلہ اول کی حفاظت کے لیے متحد ہیں۔