ٹرمپ نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچادیا

161

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کیخلاف جماعت اسلامی کے سیکڑوں کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد چنیوٹ بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی مارچ کیا۔ جس کی قیادت ضلعی امیرسردار ظفر حسین خاں، انجینئر عظیم رندھاوا،انجم اقبال بٹ،اکرم کھرل ،راناوسیم،میاں حفیظ الرحمن، میاں عبدالکریم،جے آئی یوتھ کے صدر رانا عدنان،ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری، پاسبان رکشہ یونین کے رہنما میاں اعجاز اور دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ مارچ کے اختتام پرنوجوانوں نے امریکی، اسرائیلی پرچم اور ڈونلڈ ٹرمپ کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ ٹرمپ کے جارحانہ رویے نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ ذرا سی چنگاری بھی کسی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاکر دنیا کو امن کا گہوارا بنانے کا خواب دیکھنے والے درحقیقت احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ٹرمپ حکومت کے اس افسوس ناک فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے امریکا اور اسرائیل دنیا کونئی صلیبی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ میں خون کی ہولی کھیلنے کی خوفناک سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہودو نصاریٰ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آپس میں گٹھ جوڑ کرکے اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔اسلام امن واخوت کا دین ہے اوربھائی چارے کا درس دیتا ہے۔مغربی ممالک اسلام دشمن طرزعمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسلم دنیا کے تمام ممالک کو اس اہم مسئلے پر متحد کرے اور اپناقائدانہ کردار اد اکرے۔