نہتے عوام کو گولیوں کانشانہ بنانے والوں کی جگہ کال کوٹھڑی ہے

135

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ و بیت المقدس کا دفاع کرنے والے نوجوان ابابیلوں کی صورت اپنی غلیلوں سے وقت کے ابراہہ اسرائیل کا مقابلہ کررہے ہیں، جن پر پوری امت مسلمہ کو فخر ہے جبکہ مسلم حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے عالمی استعمار امریکا واسرائیل کی غلامی کررہے ہیں۔ پاکستان پر قاتلوں کی حکمرانی ہے، جو نہتے عوام کو گولیوں کانشانہ بناتے ہیں۔ سانحہ ماڈ ل ٹاؤن کے مجرموں کی جگہ مسند اقتدار نہیں، جیل کی کال کوٹھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی شعبہ جات کے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ، نائب امرا امتیاز علی، اسلم چودھری، عطا ربانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی، ضلعی رہنما محمد تاج عباسی سمیت دیگر ذمے داران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تمام شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لے کر آئندہ کے لیے اہداف کا تعین بھی کیا گیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ ختم نبوت قوانین کے مجرم اب تک بے نقاب ہوئے نہ ہی انہیں سزا ملی۔ عدالت عظمیٰ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ازخود اس اہم دینی ایشو پر نوٹس لے کرجوڈیشل کمیشن قائم کرے جو تحقیقات میں ختم نبوت قوانین میں ترمیم کرنے والے اسلام دشمنوں کا تعین کرے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں جنگل کے قوانین ہیں، ایف سی آر کے خاتمے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ عوام متحد ہوکراسلام وملک دشمنوں کے خلاف جدوجہد کریں اور آئندہ الیکشن میں ان لٹیروں کو مسترد کرکے محب وطن اور اسلام پسند طبقات کو اقتدار سونپیں۔