امریکا اپنا اشتعال انگیز فیصلہ فوری طور پر واپس لے،جماعت اسلامی راولپنڈی

143

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے فیصلے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر گزشتہ روزملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی بھر پور انداز میں یوم احتجاج کے حوالے سے علما کرام نے خطبات جمعہ میں خصوصی طور پر اظہار خیال کیا۔جبکہ بعد نماز جمعہ جماعت اسلامی کے زیر اہتما م راولپنڈی شہر اور کینٹ میں 6 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جن سے امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے مرکزی نائب صدر مولانا عبد الجلیل نقشبندی اورامیر پی پی 10 چودھری ظفر یاسین افشاں کالونی، نائب امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی رضوان احمد ٗ امیر پی پی 9 مشتاق انجم ٹنچ بھاٹہ ٗ امیر پی پی 11 شاہدمشتاق اور مولانا تاج محمود صدیقی نیو کٹاریاں مارکیٹ ٗ سابق ایم پی اے حنیف چودھری اورایوب خان بھابڑہ بازار ٗنائب امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عزیر حامد ٗامیر پی پی 13 حاجی یار محمدڈھوک کھبہ ٗ نائب امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی رضا احمد شاہ اور امیر پی پی 14 سید ارشد فاروق نے صادق آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا ۔ مقررین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلم دشمنی پر مبنی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا یہ فیصلہ خود امریکی پالیسیوں کے خلاف ہے ۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردیں موجود ہیں ۔ جن میں مسئلہ فلسطین کا حل دورآزاد ریاستوں کے قیام کو تجویز کیا گیا ہے۔ امریکا کے اس فیصلے سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اس وقت ساری دنیا میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں ۔اقوام متحدہ اور انصاف پسند ممالک بھی اس فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں۔ مقررین نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ترکی اور دیگر مسلم رہنماؤں کے ساتھ مل کر اس حساس مسئلے کو بھر پور انداز میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اُٹھائے ۔ او آئی سی اور عرب لیگ کے اجلاسوں میں متفقہ آواز بلند کی جائے۔