سعودی عرب یمن پر بمباری بند اور اسرائیل سے دوستی ختم کرے تو تعلقات بحال کرلینگے‘ ایرانی صدر

352

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب یمن پر بمباری بند اور اسرائیل سے دوستی ختم کرے تو تعلقات بحال کرلیں گے۔انہوں نے یہ بات اتوار کو پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہی۔ایرانی صدرکی یہ تقریر آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تھی اور اسے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا۔حسن روحانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اگران 2چیزوں کر ترک کردے تو ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ، ہم تعلقات بحال کر سکتے ہیں اور اچھا رشتہ رکھ سکتے ہیں۔ان کے بقول ہم امریکا کی طرح نہیں جس نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے جوہری معاہدے کو توڑ دیا، ہم جب کوئی معاہدہ کرتے ہیں تو اسے پورا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے معاملے پر خاموش نہیں رہے گا اور اس ضمن میں کوئی بھی قدم اٹھائے گا۔حسن روحانی کے بقول ہم بڑی طاقتوں کی سازشوں، امریکا اور صہیونی تکبر کے سامنے کبھی خاموش رہے ہیں اور نہ رہیں گے، ہم اپنی طاقت کے مطابق فلسطینی قوم کی مدد کے لیے اور بیت المقدس کے مقام کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے اور مدد کریں گے کیونکہ یہ مسلمانوں کی سرزمین ہے۔اس موقع پر انہوں نے داعش کے خلاف لڑنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔