سندھ کی سہ فریقی لیبر کانفرنس؟

190

تحریر: شیخ مجید
سندھ کی سہ فریقی لیبر کانفرنس جس کا شور وغوغا گذشتہ ایک سال سے زیادہ ہوگیا ہے اور پانچ یا چھ بار اس کانفرنس کی تاریخ بھی دی گئی اور پھر ملتوی کردی گئی، لیکن اب بروز جمعہ 8 دسمبر 2017 کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ یہ مجوزہ کانفرنس 11دسمبر 2017 بروز پیر کو ہورہی ہے گویا اب اس کے انعقاد میں صرف تین دن رہ گئے ہیں (بوقت تحریر) اور ابھی تک اس کانفرنس کے دعوت نامے بھی تقسیم نہیں ہوئے۔ جبکہ اس کانفرنس میں کون کون سے مسائل پیش ہونگے ؟کون کون لیبر لیڈز، صنعتکار اور سرکاری نمائندے اس کانفرنس سے مخاطب ہونگے ؟کچھ پتہ نہیں ۔ اس طرح عرصہ پہلے لیبر ڈیپارٹمنٹ نے مختلف موضوعات پر مشتمل چھ سہ فریقی کمیٹیاں تشکیل دیں تھیں اس کا بھی کچھ پتہ نہیں ہے جبکہ ان چھ موضوعات پر مشتمل کمیٹیاں بنائی گئی تھیں تاکہ کمیٹیوں کی جانب سے جو معاملات اور مسائل پیش کیے گئے اس کی روشنی میں سہ فریقی حتمی شکل دی جاسکے اور اس کے لیے ضروری تھا کہ ان تمام سہ فریقی کمیٹیوں کی مشترکہ میٹنگ ہوتی اس کا جو کچھ پتہ نہیں ہے۔ پتہ ہے تو یہ کہ اس کے چیف گیسٹ جناب بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔ اور ان کی تقریر ہی سب کچھ ہوگی تو گویا یہ سہ فریقی لیبر کانفرنس تو نہ ہوئی بلکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا جلسہ عام ہوگیا۔ جبکہ ماضی میں سہ فریقی لیبر کانفرنس باقاعدہ تین روزہ ہوتی رہی ہیں اور بہت پہلے ان کا ایجنڈا، مقررین اور اس کانفرنس کا محاصل پہلے سے معلوم ہوتا تھا۔ یہ مجوزہ کانفرنس صرف نشستم اور برخاستم پر منحصر ہوگی اور اس میں سیاسی گفتگو ہوگی اور لیبر کے مسائل جو ایک عرصہ سے قانون سازی کے باوجود حل طلب نہیں ہیں وہ تشنہ ہی رہیں گے اور وہ مسائل جن کی قانون سازی بھی نہیں ہوئی اس کا خدا حافظ ہے۔