ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ بدعنوان قیادت ہے، میاں مقصود

154

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ کرپشن نے ملک وقوم کو تباہی کے کنارے پہنچادیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ میں 23 درجہ بہتری کے باوجود ملک میں 12 ارب روپے کی روزانہ کی بنیاد پر کرپشن ہورہی ہے جس نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور بن کر رہ گئی ہے۔ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ رہی سہی کسر وفاقی وصوبائی وزرا کی فوج ظفر موج نے پوری کردی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں 38 رکنی کابینہ موجودہ وزیر اعظم نے بڑھا کر 88 رکنی کردی ہے۔ لوگوں کو نوازنے کا مقصد صرف مسلم لیگ (ن) کو مشکل حالات میں پارٹی چھوڑنے والوں کا راستہ روکنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اس وقت وفاقی کابینہ پر ماہانہ 22 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ ہورہے ہیں۔ وزرا کے بیرون ملک کے دورے اور خصوصی اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ حکمرانوں کے غلط فیصلوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ کمیشن مافیانے تمام چھوٹے بڑے پروجیکٹس پر حصے مقرر کر رکھے ہیں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپٹ عناصر پوری طرح سرگرم ہیں۔ ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ منافع بخش ادارے اقربا پروری اور نااہل افراد کی تعیناتیوں کی وجہ سے خسارے میں جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے نجات کا وقت آگیا ہے۔ 2018ء کے الیکشن میں عوام محب وطن اور پڑھے لکھے ایماندار افراد کو آگے لائیں۔ ملک وقوم کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور محب وطن قیادت کا فقدان ہے۔