عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، سردار ظفر خان

240

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 2017ء عوامی رابطہ مہم کا سال ہے، کارکن گلی گلی جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچانے اورایک کروڑ ووٹرز تک پہنچنے کا ہدف پورا کریں گے، 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی، ملکی مسائل کے حل، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔ عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں، پاکستان گمبھیر مسائل سے دوچار ہے، جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں مشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے چڑھتے سورج کے پجاری ہیں جو بار بار پارٹیاں بد ل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کرلیتے ہیں جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان ٹولوں کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔ 70 سال سے برسراقتدار طبقے نے عوام کو محرومیوں، مایوسی اور بھوک ننگ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔