امریکا اور اسرائیل دنیا کونئی صلیبی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں

172

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر خالدمحمود چودھری نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلہ کو دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی دل آزاری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹر مپ کے جارحانہ رویے نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ذرہ سی چنگاری بھی کسی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ مسلمانوں کے جذبات کوٹھیس پہنچاکر دنیا کوامن کاگہوارہ بنانے کاخواب دیکھنے والے درحقیقت احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرمقامی رہنما ملک بشیر، باؤ طاہر ، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،محمد نعیم اختر،محمد رمضان، عمران کاہلوں ،عدنان خٹک،محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابراور نورالدین و دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حکومت کے اس افسوسناک فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔یہ امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے امریکا اور اسرائیل دنیا کونئی صلیبی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ میں خون کی ہولی کھیلنے کی خوفناک سازش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہودو نصاریٰ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آپس میں گٹھ جوڑ کرکے اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اسلام امن واخوت کا دین ہے اوربھائی چارے کا درس دیتا ہے۔مغربی ممالک بھی کو اسلام دشمن طرزعمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسلم دنیا کے تمام ممالک کو اس اہم مسئلے پر متحد کرے اور اپناقائدانہ کردار اداکرے۔اس اہم معاملے پراوآئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادارے۔پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس مذموم اقدام کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔