استاد کا احترام

1709

ہر مذہب، ہر ملت میں استاد کو عالیٰ مقام حاصل ہے، استاد کو روحانی والدین کا درجہ حاصل ہے، استاد تو اس گھنے درخت کی مانند ہے جس کے سائے میں انسانی شخصیت کی تکمیل ہوتی ہے، استاد تو وہ ہل ہے جو بنجر زمینوں کو اپنے علم سے زرخیز بناتا ہے لیکن افسوس کراچی میں اِک بار پھر مرد و خواتین اساتذہ پر پولیس ٹوٹ پڑی، لاٹھی چارج، گرفتاریاں وغیرہ کے علاوہ گھسیٹا بھی گیا، کراچی میں پہلے بھی استاد کی تذلیل کی جاتی رہی ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ وہ کئی ماہ سے واجب تنخواہ کا مطالبہ کررہے تھے اور اپنی فریاد لے کر سندھ اسمبلی جانا چاہتے تھے لیکن ان کو آگے جانے نہیں دیا گیا یہ کہہ کر کہ آگے ’’ریڈ زونز‘‘ ہیں۔ سندھ پر حکمران پارٹی کے صدر نشین بلاول زرداری حالات سدھارنے کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں کیا ان دعوؤں میں اسکولوں اور محکمہ تعلیم کا سدھار شامل نہیں ہے، کراچی میں محکمہ تعلیم کا شعبہ ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب نے تو ان اساتذہ کی بھرتی کو جعلی قرار دے دیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتے ہوئے جعلی بھرتیاں کیسے ہوئیں، اس کا جواب تو وزیرتعلیم دیں، غیر قانونی بھرتیوں کی بھی ذمے دار سندھ حکومت ہے، اپنی نااہلی پر توجہ دینے کے بجائے سندھ حکومت استاد کی تذلیل میں مصروف ہے، لاٹھی چارج اُن پر ہونا چاہیے جنہوں نے غیر قانونی بھرتیاں کیں۔
فرحت ندیم، کراچی