ملک میں نظام مصطفیﷺ کے سوا کوئی نظام قبول نہیں ،شمس الرحمن سواتی

123

راولپنڈی (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کے سواکوئی نظام قابل قبول نہیں ہوسکتا کیونکہ ریاست کا مقصدہی اسلام کا قیام ہے ختم نبوت قوانین پروارکرنے والے اسلام دشمن جان لیں کہ جلدیا بدیروہ ضروربے نقاب ہوں گے اورپاکستان کی آئینی عدالتوں کے علاوہ اللہ کے حضوربھی اس ظلم کابدلہ پائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بطورمہمان خصوصی چک جلال دین اور ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں الگ الگ منعقدہ عشق رسول ﷺ کانفسززسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرنائب امیرضلع امتیازعلی اسلم،ضلعی رہنما محمدتاج عباسی ودیگرمذہبی قائدین اورعلما کرام نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلمان اس وجہ سے کمزور ہیں کیونکہ اسلامی ممالک کے حکمران امریکا سمیت عالمی استعمارکے غلاموں کا کردارادا کررہے ہیں یہودی صرف مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر نہیں بلکہ مدینہ منورہ پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔بیت المقدس کے مسئلے پر مسلم ممالک کے عوام ایک طرف اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں ۔