ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا، میاں مقصود

239

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے۔ پاکستان شماریات بیورو کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال تجارتی خسارے میں 29 فیصد اضافے کے ساتھ 15 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ پچھلے سال یہ خسارہ 11 ارب ڈالر تھا۔ ملکی برآمدات 8 سے 9 ارب ڈالر اور درآمدات 19 سے 24 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے تمام حکومتی دعوے محض ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ عوام کی زندگی کسمپرسی کی نذر ہوچکی ہے۔ رہی سہی کسر ڈالر کی قیمت میں اضافے نے پوری کردی ہے۔ روپے کی قدر میں کمی کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں۔ ڈالر 110 روپے سے تجاوز کرچکا ہے، جس سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومت وقت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں کیے جارہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگیا ہے۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حکومتی پالیسیوں سے مایوس ہوکر اپنے جائز مطالبات کے لیے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے آئے روز احتجاج اور مظاہروں کی خبریں میڈیا میں دیکھنے اور سننے کو ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل کی دولت سے نوازا ہے، حکمرانوں کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے سبب ہم ان سے بھر پورانداز میں استفادہ کرنے سے قاصر ہیں، وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھاتے ہوئے ثمرات حاصل کررہی ہیں۔ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے معاشی پالیسیاں مرتب کی جائیں۔