متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں ،میاں محمد اسلم

213

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے ۔اسلام اور نظریہ پاکستان پر حملہ آور لادینی قوتوں کا راستہ روکنے کے لیے ایم ایم اے نے ماضی میں بھی کردار ادا کیا ہے اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی عوام کی توقعات پر پورا اُترے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی کینٹ کے حلقہ پی پی 9 کے انتخابی جائزے ٗ خواتین اور معززین کے اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 54 اور حلقہ پی پی 9 رضوان احمد اور ان کے دیگر ساتھیوں نے بریفنگ دی۔ اس دورے کے دوران جماعت اسلامی پنجاب کی سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری ملک محمد رمضان روہاڑی کے علاوہ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗ نائب اُمراء شیخ مسعود احمد ٗ سید عزیر حامد ٗ سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اس سے قبل انہوں نے امیدوار جماعت اسلامی پی پی 10 چودھری ظفر یاسین کے پبلک سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔میاں اسلم کو یہاں بریفنگ دی گئی۔میاں محمد اسلم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیت القدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کے فیصلے نے دُنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ پورے عالم اسلام میں اس حوالے سے سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انقرہ میں منعقد ہونے والے او آ ئی سی کے اجلاس کے اعلامیے کی حمایت کرتے ہیں ۔ امریکا اپنا یہ احمقانہ فیصلہ فوری طور پر واپس لے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدلی کے حوالے سے راجا ظفرالحق کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ کو شائع کرے اور اس کے ذمے داروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے سلسلے میں سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد سے حکومت کیوں پس و پیش کر رہی ہے ۔ نامزد امیدوار حلقہ این اے 54 اور پی پی 9 رضوان احمد نے راولپنڈی کینٹ میں تعلیم ٗ صحت اور صفائی کے مسائل کو عوام کیلیے پریشانی کا باعث قرار دیتے ہوئے حکومت کی طرف سے کینٹ کے عوام کو سہولیات سے محروم رکھنے کی مذمت کی ہے ۔