اہم خبریں

371

اے ٹی ایم خراب ہوگئی ‘ترین آؤٹ ،بلاول کا ٹویٹ

لاہور(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کو تاحیات نا اہل قرار دینے پر دلچسپ ٹویٹ کیا ۔فیصلے کے بعد بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ اے ٹی ایم خراب ہوگئی، ترین آؤٹ ۔

عمران خان کو اللہ کے بعد جمائما نے بچایا ہے‘ شیخ رشید

راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں اللہ کے بعد جمائما نے عمران خان کو بچایا ہے۔عمران خان نااہلی کیس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 250صفحات پر مشتمل فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد کا جائزہ لیا گیا، عمران خان نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر نہیں تھے اور انہوں نے جمائما کے دیے گئے پیسے بھی ظاہر کیے۔عدالتی فیصلے پر شیخ رشید نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہیں، اب انہیں وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں جمائما خان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس پر انہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں ۔شیخ رشید نے کہا کہ جمائما ایک نسلی گھرانے کی خاتون ہیں اور ان کا مشورہ ہے کہ اگر کوئی مذہبی مسئلہ نہ ہو تو عمران خان کو جمائما سے ہی شادی کرنی چاہیے۔

پاکستانی تاریخ میں 5بڑے فیصلوں کے لیے جمعہ کے دن کا انتخاب

لاہور(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف عدالتی فیصلے کے لیے جمعہ کے دن کا انتخاب جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی نا اہل جمعہ کے روز ہی کیا گیا‘ پاکستانی تاریخ میں 5بڑے فیصلوں کے لیے بھی اسی دن کا انتخاب کیا گیا تھا۔

حدیبیہ کیس ایک سنگین الزام ہے جسے سنا جاناچاہیے تھا،اعتزاز احسن

لاہور (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے حدیبیہ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حدیبیہ کیس ایک سنگین الزام ہے جسے سنا جاناچاہیے تھا ۔اعتزاز احسن نے کہاکہ شریف خاندان کے لیے نرم ہاتھ رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم کیس تو حدیبیہ کیس تھا۔

جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آبا د( آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی سیٹ کرنے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جہانگیر ترین کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے نااہل قرار دینے کے بعد اسمبلی نشست سے ڈی سیٹ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی سیٹ کر دیا ، جہانگیر ترین کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ جہانگیر ترین حلقہ این اے 154لودھراں ون سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

جہانگیر ترین نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ سے نااہل ہونے والے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین عدالتی فیصلے کے بعد سیاست سے چھوڑنے سے متعلق قریبی دوستوں سے مشاورت کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے عہدے سے متعلق حتمی فیصلہ آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ہو گا۔جہانگیر ترین کی جگہ اسد عمر نئے جنرل سیکرٹری کے عہدے کے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔