نااہل ہوتا تو بھی کرپٹ مافیا کو نہیں چھوڑتا‘ عمران خان

628
کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

کراچی /ٹنڈو محمد خان (اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل ہوتا تو بھی کرپٹ مافیا کا پیچھا نا چھوڑتا، منشیات فروش نے کیس کیا، ایک سال کی تلاشی کے بعد حق میں فیصلے پر خوشی ہوئی، جہانگیر ترین کی نااہلی پر دکھ ہے، حدیبیہ پیپر ملز کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا گیا، نیب نے شریف خاندان کو بچایا، فیصلے کی مذمت کرتاہوں، میرا ایسے شخص سے ایک سال تک موازنہ کیا جائے جس نے غریب قوم کا پیسا چوری کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو اور ٹنڈومحمد خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تسلیم کرتاہوں، میں نے اپنی ساری منی ٹریل عدالت میں دی اور 60 دستاویزات جمع کرائیں۔ایک نجی ٹی وی نے جانب دار رپورٹنگ کرتا رہا اور عدالتی سماعت کی غلط تشریح عوام کے سامنے پیش کی جس کے خلاف کیس کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے کرپٹ لوگ عدالت عظمیٰ کے باہر کھڑے ہوکر مجھے برا بھلا کہتے رہے۔ نواز شریف ملک کا سب سے بڑا منی لانڈر ہے، نیب نے کیس صحیح طرح پیش نہیں کیا اور یہ فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، سابق چیئرمین قمر زمان چودھری شریف مافیا سے ملا ہوا تھا، شریف خاندان بتا نہیں سکتا کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا، ان کے پاس ہر چیز کا جواب قطری خط ہے، سب کو پتا ہے کہ خط فراڈ تھا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جہانگیر پر پورا اعتماد ہے، انہیں تکنیکی بنیادوں پر نااہل کیا گیا اور انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، فیصلے پر افسوس ہوا جس کے خلاف نظرثانی اپیل کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج تعلیم کے میدان میں سندھ اور بلوچستان سب سے پیچھے رہ گئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے منتخب نمائندوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پہلے تعلیم کے میدان میں پنجاب آگے تھا لیکن مجھے فخر ہے کہ آج خیبر پختونخوا تعلیم میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو سندھ میں بھی تعلیم کا نظام ٹھیک کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک دن آئے گا جب اس ملک کے وزیراعظم کے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں پڑھا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا کہ شہباز شریف نااہل نہیں ہوئے، کمزور ٹیموں کے ساتھ کھیل کر مزا نہیں آتا۔ اس بار شہباز شریف اپنے امپائر کھڑے کر کے بھی جیت نہیں سکتے۔ آج سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی یہاں کی پولیس سے ہے کیونکہ سندھ پولیس وزیروں اور حکمرانوں کے کہنے پر عوام کو تنگ کرتی ہے اور آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ میرے نیچے پیسے لے کر پوسٹنگ ہوتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پولیس کو تباہ کر دیا لیکن خیبر پختونخوا پولیس کی وجہ سے وہاں آدھی سے بھی زیادہ دہشت گردی ختم ہو گئی ہے۔ٹنڈو محمد خان میں شوگر مل اس لیے بند ہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے۔ اس شوگر مل کا مالک سوچ رہا ہو گا کہ مل خیبرپختونخوا میں لگا لوں کیونکہ وہاں سرمایا کاروں کو کوئی تنگ نہیں کرتا، ایک طاقتور نے شوگر مل کو بند کرا دیا کیونکہ آصف زرداری ایک اور شوگر مل لینا چاہتے ہیں۔