فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے دروازے کھل رہے ہیں،میاں مقصود 

206

لاہور(وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت سوئس بینکوں سے پاکستان میں واپس لانا ہوگی۔ فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ جھوٹی تسلی اور وعدوں سے عوام کی حالت تبدیل ہوئی اور نہ آئندہ ہوسکتی ہے۔ہمیں درپیش تمام مسائل کے حل کیلیے اسلامی نظام کو نافذ کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو انتہائی مایوس کیا ہے۔پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے نیک ، ایماندار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے۔ موروثی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔آئندہ الیکشن میں عوام کو خدمت کرنے والی مخلص قیادت کو منتخب کرناہوگاتب ہی جاکر ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ ایسے تمام نمائندے جو دہری شہریت کے حامل ہیں ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس ہرگز نہیں کیونکہ ان لوگوں کے کاروبار، جائدادیں اور بچے بیرونی ممالک میں ہیں۔ مقتدر طبقات نے پاکستان کوہمیشہ اپنے مفادات کے لیے استعمال کیاہے۔ میاں مقصود احمدنے مزید کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے غیر ملکی تابعداری پر مبنی پالیسیوں ، بدترین کرپشن اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی سلامتی و بقاء اور آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،جس کے نتیجے میں ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔