لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ؟ اور ہمارا علاقہ

236

وزارت توانائی حکومت پاکستان کی جانب سے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے اور کے الیکٹرک کی جانب سے ایف ایم اور ٹی وی چینلوں پر ایسے اشتہارات نشر کیے جارہے ہیں جن کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دسمبر کے اوائل سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور اب بھی جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے وہ بجلی چوری یا لائن لاسز کی وجہ سے ہے۔ اس سلسلے میں چند نکات حاضر خدمت ہیں۔
-1 ہمارے علاقے میں اے بی سی تاروں اور اکثر مکانوں میں نئے میٹروں کی تنصیب کو ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ ہوا مگر تاحال نہ تو لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی اور نہ ہی اس کا خاتمہ ہوسکا۔ جن لوگوں نے نئے میٹروں کی تنصیب سے انکار کیا ان کے پرانے میٹر ہی برقرار رکھے گئے یوں یونیفارم پالیسی نہ اپنائی گئی۔
-2جس زمانے میں اے بی سی تاروں اور نئے میٹروں کی تنصیب کا عمل جاری تھا، کے الیکٹرک کا عملہ لوگوں کو غیر قانونی ذرائع اپنانے کے لیے رہنمائی بھی کر رہا تھا میں نے آپ کے پیش رو عقیل خان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی اور بعض مقامات کی نشاندہی بھی کی تو انہوں نے بڑی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی سے معذوری کا اظہار کیا۔
-3 اس سے قبل میں نے تحریری طور پر بجلی چوروں کی نشاندہی کی تو بلال کالونی کورنگی کے انجینئر وقار سومرو نے فون پر کہا کہ آپ خود کھڑے ہو کر ان ناجائز کنکشن کے خاتمے میں مدد کریں۔
-4 الحمداللہ میں مسلمان ہوں اور روز آخرت پر یقین بھی رکھتا ہوں، ساتھ ہی درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ بھی ہوں، اس لیے کبھی بجلی چوری کا تصور تک نہیں کیا مگر افسوس صد افسوس مجھ جیسے لوگوں ہی پر چوری کا الزام لگا کر زائد بل بھیجے جاتے ہیں۔ 2013ء میں آٹھ ہزار روپے سے زائد آچکا، محکمہ وصول کرچکا ہے جو مجھے واپس کیے جائیں، ورنہ روز قیامت ادا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ بعدازاں 25 ہزار سے زائد کا بل بھیجا گیا جو وفاقی محتسب اعلیٰ کی مداخلت کے بعد ختم کیا گیا مگر تاحال بل میں لگ کر آتا رہتا ہے اور آپ کا عملہ کبھی کبھی بجلی منقطع کرنے کے لیے گھر پر بھی آجاتا ہے۔ اس کے لیے میں فرید شیخ سے بلال کالونی اور احتشام الحق سے آپ کے دفتر میں ملاقات کرچکا ہوں۔
ان نکات کی روشنی میں مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے علاقے میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیسے ہوگا آپ کو تو انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور مسلح افواج تک کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار ہے۔ نیز کالی بھیڑیں خود آپ کے ادارے میں موجود ہیں، بجلی چوری کا خاتمہ کریں اور ہمارے علاقے کو بھی لوڈشیڈنگ سے پاک کریں۔ محض دعوے اور اشتہارات کافی نہیں، حقیقی اقدامات کریں ورنہ روزِ قیامت اللہ کو دینے کے لیے جواب سوچ لیں۔
ڈاکٹر ممتاز عمر، صارف نمبر 0400023507089