خواب ٹوٹ جاتے ہیں!!

362

میر شاہد حسین

’’میرے خواب ٹوٹ گئے ہیں کوئی درزی ، موچی یا کوئی ویلڈر مل جائے گا خواب جوڑنے ہیں۔‘‘
’’ خواب جوڑ کر کیا کرو گے ، یہاں تو سب کچھ ٹوٹا ہوا ہے ،سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، گٹر کی لائن ہو یا پانی کی لائن سب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،سرکاری اسکول کی عمارتیں ہوں یا ہسپتال سبھی ٹوٹ پھوٹ کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں، غرض یہاں تو لوگ بھی اب ٹوٹ چکے ہیں۔‘‘
’’ لیکن مجھے تو اپنے خواب جوڑنے ہیں، چاہے اس کے لیے مجھے چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔‘‘
’’ چین جانے کی ضرورت تھی ، چین خود چل کر آرہا ہے آپ کے پاس۔‘‘
’’ چین کیا ہمارے خواب جوڑ سکتا ہے؟‘‘
’’ چین والے خواب جوڑتے نہیں،البتہ اچھے خواب دکھاتے ضرور ہیں۔‘‘
’’ خواب تو ہمیں امریکا نے بھی بہت دکھائے تھے لیکن جب خواب ٹوٹا تو ملک بھی ٹوٹ کر دو لخت ہو گیا۔‘‘
’’ کب تک ہم یونہی سوتے رہیں گے اور خواب دیکھتے رہیں گے؟کیا خواب دیکھنا ضروری ہیں؟‘‘
’’ علامہ اقبال نے جو پاکستان کا خواب دیکھا تھا ، میں بھی ویسا ہی خواب دیکھنا چاہتا ہوں ۔۔‘‘
’’ہمارے ملک کے سیاستدان ہمیں اتنے سال سے خواب ہی تو دکھا رہے ہیں ، کبھی روٹی ،کپڑا اور مکان کا خواب تو کبھی نئے پاکستان کا خواب۔۔۔ اور کتنے خواب دیکھوں گے اور پھر انہیں ٹوٹتا ہوا دیکھوں گے۔‘‘
’’اندھیرے بھی تو بہت زیادہ ہیں اور صبح بھی نہیں ہو رہی ، اب خو اب نہ دیکھیں تو کیا کریں۔‘‘
’’ خواب دیکھنے کے لیے سونا بہت ضروری ہے ،لیکن اسے پورا کرنے کے لیے جاگنا پڑتا ہے۔صرف سوچ لینے سے اندھیرے نہیں جاتے، چراغ خودنہیں جلتا ، جلانا پڑتا ہے ۔‘‘
’’پتا نہیں کس نے ہمیں اتنی گہری نیند سلا دیا ہے کہ اب ہماری آنکھ ہی نہیں کھلتی۔اتنے سانحے آنکھوں کے سامنے سے بھیانک خواب کی مانند گزر گئے لیکن آنکھ ہے کہ کھلتی ہی نہیں۔‘‘
’’اگر یونہی سوتے رہنا ہے اور خواب ہی دیکھنے ہیں تو پھر ایک کام کرو خوابوں کی دکان لگا لو۔‘‘
’’لیکن ہمارے خواب کون خریدے گا اور وہ بھی ٹوٹے پھوٹے خواب !!‘‘
’’ سنا نہیں یہاں سب بکتا ہے۔‘‘
’’بکتا زیر کے ساتھ ہے کہ زبر کے ساتھ!!‘‘
’’ جیسے چاہو بیچ دو، زیر زبر سب چلتا ہے۔بس کسی کے سامنے پیش نہیں ہونا ۔‘‘
’’ پیش ہونے کی غلطی ایک شریف نے کی تھی ، جب سے وہ ہر ایک سے پوچھتا پھر رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟‘‘
’’خوابوں کے کاروبار میں پہلے ہی بہت لوگ موجود ہیں، یہ کاروبار چلنے والا نہیں۔مجھے اپنے خواب نہیں بیچنے ، مجھے تو بس اپنا خواب پورا کرنا ہے۔کوئی تو ہو گا جو ہمارے خواب جوڑ سکے۔‘‘
’’ خواب دکھانے والے بہت ہیں لیکن انہیں جوڑنے والا کوئی نہیں۔کیا خیال ہے خواب جوڑنے ہی کا کاروبار نہ شروع کر دیں۔‘‘
’’ ہاں یہ ٹھیک رہے گا ۔۔۔ لیکن خواب جوڑیں گے کیسے؟‘‘
’’انسان کو رنگ،نسل ،زبان،فرقہ، ذات پات اور ہر قسم کے تعصب سے آزاد کردو ،دیکھو کیسے سارے خواب خودبخود جڑ جائیں گے ۔‘‘
’’ ہاں ،لیکن یہ بھی تو ایک خواب۔۔۔!!‘‘