امریکا بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کوترقی سے روکنا چاہتا ہے،میاں مقصود

192

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ایک طرف حکمران دہشت گردوں کی کمر توڑنے کی قوم کو نوید سناتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری جانب رواں سال میں دہشت گردی کے کئی واقعات ہوچکے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔افغانستان میں جب تک نام نہاد امریکی جنگ کاخاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک پاکستان میں دہشت گردی کاخاتمہ نہیں ہوسکتا۔حقائق کاادراک کرنے کے بجائے کبوترکی طرح آنکھیں بند کرلینے سے خطرات ٹل نہیں سکتے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت، اسرائیل اور امریکا پاکستان کی سلامتی کے خلاف متحد ہوچکے ہیں۔بلوچستان کوخصوصی طورپرٹارگٹ کیا جارہا ہے تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنایاجاسکے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ نے بھی اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور بھارت کا گٹھ جوڑ پاکستان کوترقی سے روکنا چاہتا ہے۔پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی وارداتوں کے پیچھے انہی بیرونی عناصر کا ہاتھ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک دشمن عناصر اوران کے آلہ کاروں کاقلع قمع کرنے کیلیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں۔پاکستان کی عزت،وقار اور سلامتی داؤ پر لگ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پینٹاگون اور واشنگٹن کی پالیسیوں کوترک کرکے اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوملک وقوم کے مفاد میں مرتب کیاجائے اور دشمن کی آنکھوں میںآنکھیں ڈال کربات کی جائے۔حکمرانوں کیلیے ملک وقوم سے زیادہ کوئی چیز مقدم نہیں ہونی چاہیے۔ جنرل (ر) پرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کاخمیازہ آج تک قوم بھگت رہی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے بعدمسلم لیگ(ن)کی حکومت بھی انہی پالیسیوں کوجاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈٹرمپ انتظامیہ ڈومور کامطالبہ کرکے پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کو دباؤمیں رکھنا چاہتی ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم امریکی غلامی کا طوق اور بھیک مانگنے والا کشکول توڑ کر اپنے قومی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔عوام2018ء کے انتخابات میں اپنے ووٹ کااستعمال ٹھیک طریقے سے کریں توملک میں تبدیلی آسکتی ہے۔