گورنربلوچستان پرحملے کی سازش‘منصوبہ سازاورسہولت کار گرفتار

360

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر خودکش حملے کی سازش ناکام بنادی گئی۔ منصوبہ ساز کو سہولت کار سمیت پاک افغان سرحدی علاقے سے گرفتار کرکے خودکش جیکٹیں اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ حملے کا منصوبہ افغانستان میں بنایا گیا تھا۔ کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی نے بتایا کہ حساس ادارے اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں کارروائی کی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان قاری گروپ کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں حامد بشیر ولد محمد بشیر کا تعلق پنجاب سے ہے جبکہ دوسرے ملزم منور احمد ولد محم شفیع کا تعلق گلستان سے تھا۔ اس گروہ نے افغانستان میں بیٹھ کر یہ منصوبہ بنایا تھا کہ آبائی علاقے گلستان آمد کے موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی پر خودکش حملہ کیا جائے گا، اس کے لیے منور احمد نے سہولت کار کا کردار ادا کرنا تھا اس نے گورنر کی آمد کی اطلاع دینی تھی جس کے بعد حامد بشیر نے قریب ہی واقع افغان سرحد سے خودکش حملہ آور کو لے آنا تھا تاہم خفیہ ادارے نے بروقت کارروائی کرکے یہ منصوبہ ناکام بنادیا ۔