کوئٹہ ،مختلف حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 5افراد ہلاک 

197

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)نصیرآباد میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیاگیا۔ بارکھان سے نو مولود کی لاش ملی ہے ۔ کوئٹہ میں لڑکی نے پسند کی شادی نہ ہونے پر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نصیرآباد کے علاقے تھانہ بابا کوٹ کی حدود میں نورو تلا کے قریب خاتون سمیت دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیاگیا۔ قتل کی وجہ سیاہ کاری بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ نصیرآباد ہی میں منگولی کے قریب ٹرین کی زد میں آکر پانچ سالہ بچہ فدا حسین جاں بحق ہوگیا۔ اسی طرح بارکھان میں ڈی سی کمپلیکس کے عقب سے ایک نومولود بچی کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم شخص پھینک کر فرار ہوا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن کی سولہ سالہ حمیدہ ہزارہ نے گھر والوں کی جانب سے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پر دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا ڈالااورپنکھے سے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ دریں اثنا پشین میں وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق پشین کے علاقے یارو میں کلی شیخان کے قریب گلستان سے کوئٹہ جانے والی مسافر وین اور کوئٹہ سے چمن جانے والی کار میں ٹکر ہوئی۔ حادثے میں سات افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔