سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں کے بعد طالبان کا قندوزپر قبضہ

1190
قندوز:افغان عوام صوبے قندوزمیں طالبان کا استقبال کر رہے ہیں
قندوز:افغان عوام صوبے قندوزمیں طالبان کا استقبال کر رہے ہیں

کابل (آن لائن+مانیٹرنک ڈیسک) افغانستان کے صوبہ قندوز میں سیکورٹی فورسز اور طالبان میں جھڑپوں کے بعد طالبان نے علاقے پر قبضہ کرلیا جبکہ صوبہ قندھار کے ضلع میواند کے پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر خودکش کار بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صوبے قندوز میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ طویل جھڑپ ہوئی جس میں سیکورٹی فورسز نے ہتھیار ڈال دیے۔ ادھر طالبان نے علاقے پر قبضہ کرتے ہوئے تمام سرکاری عمارتیں اپنے قبضے میں لے لیں۔ طالبان کی علاقے میں آمد پر علاقہ مکینوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ جھڑپوں میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دوسری جانب صوبہ قندھار کے ضلع میواند کے پولیس اسٹیشن پر خودکش کار بم حملے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے ضلع میواند کے پولیس اسٹیشن کے نزدیک دھماکا خیز مواد سے بھری کار سمیت خود کو اڑا دیا ۔ پولیس اہلکاروں نے خودکش حملہ آور کو باہر روکنے کی کوشش کی تاہم وہ تیزی سے آگے بڑھ گیا اور پولیس کے دوسرے گیٹ پر پہنچ کر دھماکا کردیا۔ دھماکے کی کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی تاہم حکام نے ذمے داری طالبان پر عاید کی ہے۔ حکام کے مطابق طالبان نے فوج کی چھینی گئی گاڑی کو سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کیا ہے۔