رانا ثنا اللہ نہیں تو شہباز شریف خود مستعفی ہوجائیں‘ سیالوی۔ 31دسمبر کی ڈیڈ لائن

329

گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک) آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف 31دسمبرتک رانا ثناء اللہ کو مستعفی کرائیں یا خود مستعفی ہوجائیں۔ گوجرانوالہ کے شیرانوالہ باغ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پرکڑی تنقید کی۔ پیر سیالوی نے کہا کہ انہوں نے وعدہ خلافی بھی کی ہے اور غداری بھی ، اگر شہباز شریف اپنے ایک نوکر وزیر کو نہیں نکال سکتے تو ملک کیسے چلائیں گے،اب ہم مسلم لیگ (ن) کو ووٹ نہیں دیں گے۔انہوں نے ن لیگ کے قائدین کو خبردار کیاکہ مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلا جائے، آگ بھڑک اٹھی تو ایوانوں تک جائے گی۔ پیر سیالوی نے کہا کہ ملک پر کوئی آنچ آئی تو سب سے پہلے گولی کھاؤں گا۔پیر حمید الدین سیالوی نے جلسے کے شرکاء سے کہا کہ وعدہ کرو کہ آئندہ کبھی نون لیگ کو ووٹ نہیں دو گے۔ انہوں نے مریدین سے یہ بھی کہا کہ وعدہ کریں کہ کبھی جھکیں گے نہیں۔پیر سیالوی نے کے بقول حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ اس جلسے کو مؤخر کر دیں، میں نے حمزہ شہباز سے کہا کہ ہمارا جلسہ روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ علمائے کرام متحد ہو جائیں تو کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، جمعیت علمائے پاکستان قائم ہے اور رہے گی۔تحریک لبیک کے امیر ڈاکٹر اشرف جلالی نے خطاب میں کہا کہ نواز،عمران اور زرداری انگریز کے نوکر ہیں، عوام بجلی گیس کے مسائل تو برداشت کر سکتے ہیں لیکن ختم نبوت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، حکومت کے گھٹنے ٹیکنے تک تحریک جاری رہے گی جبکہ 4 جنوری کو لاہورداتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک مارچ ہوگا۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ کو نہیں مانتے جہاں عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش کی گئی، کلمے کی بنیاد پر بنائے گئے ملک میں ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں ہونے دیں گے، اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو کروڑوں عوام دیوار بن جائیں گے۔