راولپنڈی (خبرایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے راول کوٹ سیکٹر کے رکھ چکری کے مقام پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے 3 فوجی جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا مؤثر جواب دیا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزی اس کے جاسوس کلبھوشن یادیو سے اس کی اہلیہ اور والدہ کی انسانی ہمدردی کی خاطر دفتر خارجہ میں ملاقات کے بعد سامنے آئی۔