کل بھوشن کی رحم کی اپیل پر کچھ وزرابھارتی زبان بول رہے ہیں

200

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ کل بھوشن کی جانب سے رحم کی اپیل کے حوالے سے کچھ وزراء ہندوستان کی زبان بول رہے ہیں،یوں محسوس ہوتاہے کہ وہ پاکستان سے زیادہ ہندوستان کی ترجمانی کررہے ہیں۔کل بھوشن انڈین نیوی کاحاضر سروس افسر اورانڈین خفیہ ایجنسی را کے خصوصی ٹاسک پر عمل درآمد کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑاگیا تھا۔اس کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے بلکہ دیگر جاسوس قیدیوں کی طرح ہی رویہ اختیارکیاجانا چاہیے۔حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیادپر بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیوکی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ کل بھوشن یادیوکوسزائے موت دے کر منطقی انجام تک پہنچایاجائے۔اس حساس معاملے میں مزیدتاخیر نہ کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف سرگرم ہے، وہ بلوچستان میں حالات خراب کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی ناکام بنانا چاہتا ہے ۔کل بھوشن کے انکشافات اور اس کے بعد ہونے والی گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کی مودی سرکارپاکستان دشمنی میں کسی بھی حد تک جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بات کرنے والوں کوکشمیر میں نہتے شہید ہونے والے معصوم افراد،بیوہ اور یتیم بچوں کی لاشیں اور آہیں کیوں دکھائی اور سنائی نہیں دیتیں؟۔جب تک بھارت جنوبی ایشیامیں اپنے جارحانہ طرزعمل سے باز نہیں آتا اس وقت تک خطے میں امن کاقیام ممکن نہیں ہے۔ہندوستان کے جنگی جنون میں مبتلاانڈین میڈیاکاکردار ہمیشہ شرمناک رہا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ دشمن ملک کو اسی کی زبان میں جواب دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ قائد اعظمؒ اور ان کے رفقاکے علاوہ برصغیر کے مسلمانوں نے جس طرح استقامت سے ہندوؤں کے ظلم وستم،زیادتیوں اور سازشوں کوبرداشت کیااورپاکستان کے خواب کو حقیقت کا رنگ دیاتھا،ہمیں بھی ان کے افکار اور نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا۔اپنے دوستوں اور دشمنوں کاادراک کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کو مرتب کرنا چاہیے۔دوستوں کے روپ میں سازشی عناصراوردشمن ممالک کے گھناؤنے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں۔