بابائے قوم کشمیر کو پاکستان کیلیے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے،رانا طٰہ

209

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی70کے امیرراناطٰہ خان ،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جنا ح نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلا کر انہیں ایک الگ وطن دیا۔ جہاں انہیں مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی وسماجی ترقی کے گراں قدر مواقع ملے۔قائد اعظمؒ نے علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر مسلمانوں کو دی اور انہیں ایک ایسا آزاد ملک دیا جہاں ان کی آنے والی نسلیں آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں گی۔راناطٰہٰ خان نے کہاکہ قائداعظم مسلمانوں کے عالمی رہنما، عظیم قانون دان اور تاریخ ساز شخصیت تھے۔ قائداعظمؒ انگریز اور کانگریسی لیڈروں کی شاطرانہ چالوں سے بخوبی واقف تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ یہ دونوں عناصر مسلمانان برصغیر کو ہمیشہ کیلیے غلامی کی زنجیر میں جکڑے رکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن بانی پاکستان نے ہر دشواری کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا انہوں نے راست بازی، اصول پرستی اور لگن کے ساتھ انگریزوں اور ہندوؤں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔انہوں نے قرارداد پاکستان منظور ہونے کے سات سال کے اندر دنیا کے نقشے پر سب سے بڑی اسلامی ریاست قائم کرکے سب کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا۔انہوں نے کہا بابائے قوم کشمیر کو پاکستان کیلیے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے۔ اسی لیے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کھلے لفظوں میں حمایت کی۔ اورمسئلہ کشمیرکو حل کرنے کیلیے بھرپور کوششیں کیں ان کی یہ دلی خواہش تھی کہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوکرپاکستان کا حصہ بنے۔