بلوچستان ‘ کرسمس سادگی سے منائی گئی، سیکورٹی کے سخت انتظامات

159

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کرسمس کا تہوار سادگی کے ساتھ منایاگیا‘ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے‘ حملے سے متاثرہ میتھو ڈیسٹ چرچ میں دعائیہ تقریب ہوئی‘ رکن اسمبلی خلیل جارج سمیت حملے میں زخمی ہونے والے افراد نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق 17دسمبر کو میتھوڈیسٹ چرچ پر حملے کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام لیکن سادگی کے ساتھ منایا‘ میتھوڈیسٹ چرچ میں بھی تقریب ہوئی۔ 17دسمبر کو میتھوڈیسٹ
چرچ پر خودکش حملے میں مسیحی برادری کے9 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے تھے۔ عارضی طور پر رنگ و روغن کرکے متاثرہ چرچ کو مذہبی سرگرمیوں کے لیے بحال کر دیا گیا اور پیر کو چرچ میں دعائیہ تقریب بھی ہوئی‘ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں زخمی افراد، اقلیتی رکن قومی اسمبلی خلیل جارج ، ولیم برکت، خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بشپ آف بلوچستان و کراچی صادق ڈینئل نے دعا کرائی۔ اس موقع پر دہشت گرد حملے کے متاثرین کے لیے بھی دعا کی گئی۔ مسیحی برادری نے ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعائیں مانگتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر بی این پی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے چر چ آکر مسیحی برادری کے افراد سے اظہار یکجہتی کیا۔ ایف سی غزہ بند اسکاؤٹس کے کمانڈنٹ کرنل رب نواز نے مسیحی افرادکو جذبہ خیر سگالی کے تحت مٹھائی پیش کی۔ کرسمس کے موقع پر کوئٹہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شہر کے39 گرجا گھروں کی سیکورٹی پر 1450 سے زائد پولیس، اے ٹی ایف اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ ایف سی کے اہلکاروں کی تعداد اس کے علاوہ تھی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے پہلے گرجاگھروں کی سوئپنگ اور کلیئرنس کی اس کے بعد تقاریب کی اجازت دی گئی۔