جماعت اسلامی نے کسانوں کے دھرنے میں شرکت کا اعلان کردیا

619
لاہور،گنے کے کاشتکار امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصودکی قیادت میں مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف احتجاج کررہے ہیں
لاہور،گنے کے کاشتکار امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصودکی قیادت میں مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف احتجاج کررہے ہیں

لاہور(وقائع نگار خصوصی)گنے کے کاشتکاروں کو چار سال سے لوٹاجارہا ہے۔حکمرانوں نے ملکی زراعت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔پاکستان کے اندر یہ فیصلہ ہونے جارہا ہے کہ اس ملک کی زراعت کے اصل دشمن کون ہیں۔گنے کی قیمت وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اداکرنی ہے۔جماعت اسلامی کسان رہنماؤں کے ہمراہ 7جنوری کو ماڈل ٹاؤن میں شریف فیملی کے قریبی عزیزمیاں اسلم بشیر کے گھرکے باہراحتجاجی دھرنا دے گی اور اگلے مرحلے میں شہبازشریف اورنوازشریف کے گھروں کابھی گھیراؤ کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے لاہور پریس کلب کے باہر گنے کے کاشتکاروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کسان بورڈ کے مرکزی رہنما چودھری نثار ایڈووکیٹ ، امیر ضلع لاہور ذکراللہ مجاہد،انور گوندل،مجید غوری،حاجی رمضان،سردار نورمحمد ڈوگر،راناقمر حسین،سردار محمداشفاق ڈوگر،رائے محمد افضل کھرل اورمحمد امین ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر کسانوں نے گنے جلاکر حکومت پنجاب کی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔میاں مقصوداحمد نے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ حکمران خود گنے کے مقررکیے ہوئے180روپے فی من سرکاری ریٹ کے مطابق کسانوں کو اداکرنے کوتیار نہیں۔زراعت سے وابستہ 72فیصد افراد ظلم وستم کا شکار ہیں۔پرمٹ سسٹم کو ختم کرنا حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ایک مل میں روزانہ کی بنیاد پر30سے50ہزارمن تک کرشنگ کی جاتی ہے اور کسانوں کولاکھوں روپے کا ٹیکالگادیاجاتاہے۔کین ایکٹ کے تحت کنڈے بحال کیے جائیں۔انہوں نے میاں نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت عظمیٰ کے خلاف بولتے ہوئے،شرم آنی چاہیے۔غریب عوام کو ’’حق دو اورلو‘‘۔عوام کی کمائی کاخیال حکمرانوں نے ہی رکھنا ہوتاہے۔ہم کاشتکاروں کومکمل ریلیف فراہم کرنے تک پُرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ کسان چھے چھے دن کرایوں کی گاڑیوں پر سیکڑوں میل کاسفر طے کرکے شوگرملوں کے باہر بے یارومددگار بیٹھے ہیں۔شریف فیملی نے گنے کے کاشتکاروں کو 1ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔آج گنے کے کاشتکاروں کے اندر اضطراب ہے۔چودھری نثار ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے کاشتکاروں کی نمائندگی کرکے قومی فریضہ سرانجام دیا ہے۔کسانوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جماعت اسلامی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ بھی جمع کروا رکھی ہے،ہم اس پر شکر گزار ہیں۔ اگرحکمرانوں نے کسانوں کو ریلیف فراہم نہ کیا اور گنے کے مقررہ 180روپے فی من ریٹ ادانہ کیاتو ان کے تاج محل بھی سلامت نہیں رہ سکیں گے۔مجید غوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔کاشتکار خوشحال ہوں گے تو پاکستان خوشحال ہوگا۔رکشا یونین اپنے کاشتکار بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔حاجی رمضان نے کہاکہ بطور کسان ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔حکمران کاشتکاروں کے استحصال کا سلسلہ فوری بند کریں۔شعبہ زراعت کو نظرانداز کرنا درست اقدام نہیں۔حکمرانوں نے ہمارے مطالبات کو نہ مانا تو اس کاخمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا۔اس موقع پر دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔