اینٹی نارکوٹکس فورس ، مختلف شہروں میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی،28 ملزمان گرفتار

314

راولپنڈی؍لاہور؍پشاور؍کوئٹہ؍کراچی(آئی این پی)اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے ملک کے مختلف حصوں میں کی گئی25کارروائیوں کے دوران تقریباً1 ارب 60کروڑ روپے عالمی مالیت کی913.26 کلو گرام منشیات برآمد کر لی،جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 1 افغان باشندے اور 4خواتین سمیت28 ملزمان کو گرفتار اور7گاڑیاں ضبط کر لیں،برآمد شدہ منشیات میں134.55کلوگرام چرس،12.7کلو گرام ہیروئن ، 760کلوگرام افیون، 3.2کلو گرام ایمفیٹامائن اور 1.3کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن شامل ہے، اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ میں خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کارروائیوں کے دوران 700 کلو گرام افیون قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی اے این ایف کوئٹہ نے چاغی میں واقع جنرل ایریا گوالا اسٹاپ، کلی ودیا میں کی ۔ تاہم ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کلی کوتوال روڈ پر واقع ایک قبرستان کے قریب ایک موٹر سائیکل کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران 20کلوگرام چرس برآمد کر کے موٹر سائیکل پر سوار قلعہ عبداللہ کے رہائشی ملزم محمد نعیم نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے جنرل ایریا کوچی، ضلع چاغی کے قریب ایک موٹر سائیکل سے 35کلوگرام افیون برآمد کرلی۔ ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھا تے ہوئے پہلے ہی موقع سے فرار ہو گیا تھا۔چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے محکمہ تحفظ ماحولیات، کوئٹہ کے دفتر کے قریب سے ایک موٹر سائیکل پر سوارکوئٹہ کے رہائشی شیر دل نامی ملزم کے قبضے سے29.1کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف راولپنڈی نے چھچھ انٹر چینج ،موٹر وے ،اٹک کے قریب ایک کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 75کلوگرام چرس اور 25کلوگرام افیون برآمد کر کے ٹرک میں موجود اٹک کے رہائشی محمد اسد نامی ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے جی ٹی روڈ، اقبال شہید ٹول پلازا، اٹک کے قریب سے ایک موٹر سائیکل پر سوار امجد پرویز اور اس کی خاتون ساتھی سعیدہ گل کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف لاہور نے شوکت خانم اسپتال کے قریب ایک کارروائی کے دوران لاہور کے رہائشی 2ملزمان عاصم مسیح اور ساغر مسیح کے قبضے سے 280گرام چرس برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، فیصل باغ اور لاہور کے قریب دوران کارروائی لاہور کے دو مقامی اسمگلر ارشد مسیح اور رفاقت مسیح کے قبضے سے250گرام چرس برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ایک تعلیمی ادارے کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزم محمد علی اور رمضان نامی ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 290گرام چرس برآمد کر لی جو تعلیمی اداروں میں فراہم کی جانی تھی۔ چوتھی کارروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے بی بی پاک دامن بازار کے قریب کارروائی کر تے ہوئے لاہور کے رہائشی یاسر نامی ملزم کے قبضے سے 160گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ۔ پانچویں کارروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پنجاب رینجرز کے ساتھ کی گئی ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کے گاؤں کُلی ساہو میں واقع مسجد یارسو ل اللہ کے قریب سے محمد بوٹا نامی مقامی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔ چھٹی کارروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ ، لاہور کے قریب واقع ایک نجی کوریئر سروس کمپنی کے دفتر سے ہالینڈ ارسال کیے جانے والے سامان کو قبضے میں لے کر اس میں موجود کتابوں کے اندر مہارت سے چھپائی گئی 1 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور نے کارخانو پھاٹک کے قریب ایک سوزوکی مہران کو روک کر اس کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.4کلو گرام چرس برآمد کر کے گاڑی میں موجود خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد ایوب نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پشاور انٹر نیشنل ائرپورٹ سے PIAکی پرواز نمبر PK-672 کے ذریعے ریاض روانہ ہونے والے پشاور کے رہائشی گلزار نامی ملزم کے ہینڈ بیگ سے 1.06کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نےASFکے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران پشاور ائرپورٹ سے PIA کی پرواز نمبرPK-674کے ذریعے ریاض روانہ ہونے والے کوہاٹ کے رہائشی آصف علی، نرگس بیگم، نور صاحب جان اوراورکزئی ایجنسی کی رہائشی بی بی زینب نامی ملزمان کے ٹرالی بیگ سے 2.155کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے نمک منڈی پشاور کے قریب ایک کوریئر کمپنی کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے ماربل ڈیکوریشن پیس اور جیولری بکس کی کنسائنمنٹ قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 1.7کلو گرام ہیروئن قبضے برآمد کر لی۔پانچویں کارروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پشاور یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 2 سے ایک افغان شہری خان آغا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 200 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ مزید برآں اے این ایف پشاور نے موٹر وے ٹول پلازا پشاور کے قریب کی گئی تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران کوہاٹ کے رہائشی محمد جاوید، خیبر ایجنسی کے رہائشی سعید الرحمن اور پشاور کے رہائشی محمد شاہد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بالترتیب 1.2، 1 اور 1.15 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف کراچی ائرپورٹ ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی سے چارسدہ کے رہائشی محمد فیاض نامی مسافر کے سامان سے 1.3کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم PIA کی پرواز نمبر PK-725 کے ذریعے ریاض روانہ ہو رہا تھا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جامرہ اسٹاپ، شکارپور جیکب آباد ہائی وے ضلع شکار پور کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرک کو روک کر جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے 1کلوگرام چرس برآمد کرتے ہوئے موقع پر موجود خیر پور کے رہائشی میٹھل خان کو گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔