امت مسلمہ کے زوال کا سبب قرآن وحدیث سے دوری ہے،شمس الرحمن سواتی

253

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے قرآن کے انقلابی پیغام اورنبی اقدس ﷺ کے دیے گئے نظام زندگی کومشعل راہ بناکرہی ایک اسلامی وفلاحی معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے، ذمے داران اورکارکنان اپنے سمیت بچوں اورفیملی کا تعلق قرآن وحدیث سے مضبوط کریں، اپنی ذات اوراہل خانہ سے تربیت کا آغاز کرکے ہی ہم معاشرے میں خیرکواجاگراور شرکوختم کرسکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی تربیتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری ظفر الحسن جوئیہ،نائب امیرضلع امتیازعلی اسلم ،ضلعی ناظم دعوتی و تربیتی کمیٹی جاوید قریشی،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردار تفہیم اعظم سمیت دیگرذمے داران نے بھی خطاب کیا ۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لیے رول ماڈل ہے جسے سیکولرازم اور مادر پدر آزادی چاہیے اس کیلیے دروازے کھلے ہیں وہ بھارت جائے یا آقاؤں کے پاس امریکا اور برطانیہ میں جائے ، اسلام کے نام پروجود میں آنے والے قائد کے پاکستان میں ایسے کسی بدبودارنظام کی گنجائش نہیں جس میں بیٹی اوربہن کی عزت اپنے باپ اوربھائی سے ہی محفوظ نہ ہو۔نام نہا د روشن خیالی کا نعرہ لگانے والے جان لیں کہ روشن خیال اور ہرآقا سے آزاد کرکے ایک اللہ و رسولﷺ کی غلامی میں دینے والا مذہب صرف اسلام ہے جس کے پیروکارخواتین ،بچوں اور غیرمسلموں کے حقوق کیلیے صرف موم بتیاں نہیں جلاتے بلکہ ان کے پاس نظام مصطفی ﷺاور خلفائے راشدہ کا ایسا عملی نظام موجود ہے جس میں خواتین کوان کے مکمل حقوق میسرہیں اسلام میں خواتین کووراثت کی جائدادوں سے محروم کرنے کا کوئی تصورنہیں ، امت مسلمہ کے زوال کا سبب قرآن وحدیث سے دوری ہے۔ معاشرے کی آلودگیوں کے مقابلے میں نظام مصطفی ﷺکاقیام ہماری ترجیح اوّل ہے۔