سارجنٹ ہلاکت کیس :رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی ضمانت پر رہا

290

کو ئٹہ ( نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ ہلاکت کیس میں گرفتار بلوچستان اسمبلی کے رکن عبدالمجید خان اچکزئی کو 6ماہ بعد ضمانت پر رہائی مل گئی۔ رہائی پر ڈسٹرکٹ جیل کے باہر پارٹی کارکنان نے ملزم کے حق میں نعرے بازی کی اور پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔عبدالمجیدخان اچکزئی کی رہائی کا حکم گزشتہ روز کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے
ہوئے دیا۔ رہائی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبد المجید خان اچکزئی کا کہناتھا کہ مجھے عطا اللہ کے اہل خانہ سے پوری ہمدردی ہے اور ان سے اظہار افسوس کرتا ہوں۔ حادثے کا ازالہ کر نے کے لیے متاثرہ خاندان کی بھر پور امداد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمات میں الجھا کر انہیں حق بات کہنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی وہ بلوچستان میں شفافیت کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔ جنہوں نے کرپشن کی انہیں بھگتنا ہوگا اور جو کلیئر ہیں وہ آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔یاد رہے بلوچستان اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجیداچکزئی کے خلاف ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ کو گاڑی سے کچلنے کے الزام میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔