اٹھو آگے بڑھو کراچی۔ شاندار کاوش

288

پاکستان بزنس فورم تاجروں کی ایک تنظیم ہے لیکن دنیاکے دیگر تاجروں سے مختلف، اس کے پیش نظر نفع ضرور ہے لیکن آخرت کا۔ یہ اور بات ہے کہ اس بزنس فورم کی سرگرمیاں اسے دونوں جہانوں کا نفع دیتی ہیں۔ اس مناسبت سے بزنس فورم نے دو روزہ فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد کیا ہے۔ اس کا بنیادی مرکز خیال تو کراچی کی ترقی صفائی ستھرائی اور اس شہر کے ماضی کے قیادت والے مقام کی بحالی ہے۔ اس عنوان کے تحت ہونے والی تقریب کے پہلے دن مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ تھے جب کہ جماعت اسلامی سندھ اور کراچی کے امیر معراج الہدیٰ صدیقی اور حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ تاجروں، صنعت کاروں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ اس پورے پروگرام کی آمدنی بیٹھک اسکولز میں زیر تعلیم نادار بچوں اور اسکول کے نظام کو مزید توسیع دینے پر خرچ ہوگی۔ یہی دوسرے جہان کا نفع ہے۔ اس ایکسپو میں مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے اسٹالز تھے صحت عامہ سے متعلق رہنمائی بھی تھی اور مختلف فلاحی اور رفاہی ادارے بھی موجود تھے۔ اس ساری کاوش کا مقصد کراچی کی رونقیں بحال کرنا، کراچی کے با صلاحیت لوگوں کی کارکردگی اور معیار کا اعتراف کرنا اور اس کے ذریعے لوگوں کے جذبے کو مہمیز دینا تھا۔ دو روز میں ہزارہا لوگوں نے اس پروگرام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر داخلہ فیس اور اسٹالوں کی آمدنی کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بتایاکہ اس پروگرام کی تمام آمدنی نادار بچوں پر خرچ ہوگی۔ یہ نجی شعبے یا غیر سرکاری اداروں اور تنظیموں کی جانب سے حکومتوں کے کرنے کے کاموں میں سے ایک اور کام ہے جماعت اسلامی اور الخدمت جیسے ادارے حکومت سے باہر ہوتے ہوئے بھی حکومت کے کرنے کا کام کرتے رہتے ہیں۔ بہر حال اہل کراچی کو الخدمت جماعت اسلامی اور پاکستان بزنس فورم کا مشکور ہونا چاہیے جو ان کے لیے دن رات لگاکر ایسے پروگرام منعقد کرتے ہیں۔