یارن مرچنٹس نے نئے مشیر خزانہ سے مسائل کے حل کی امید باندھ لی

680

قاضی جاوید
پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کا مفتاح اسماعیل پر اظہار اعتماد،درآمدی یارن پر ریگولیٹر ی ختم کرنے کامطالبہ
ڈاکٹر مفتاح اسماعیل معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اپنے تجربات بروئے کار لائیں،خورشید اے شیخ،اسلم موتن،خالد گڈر

پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما)نے وزیراعظم کے نئے مشیر برائے خزانہ،ریونیو اور اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی توجہ یارن کے درآمدکنندگان کودرپیش مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے ایک بار پھر یارن کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کوہٹانے کا مطالبہ دہرایا ہے۔پائما کے مرکزی چیئرمین خورشید اے شیخ،زونل چیئرمین محمداسلم موتن اورزونل وائس چیئرمین محمد خالداقبال گڈر نے مفتاح اسماعیل کو اہم ذمہ داری سونپے جانے پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے مشیر برائے خزانہ،ریونیو اور اقتصادی امور تجارت و صنعت کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک رکھتے ہیں لہٰذا وہ اپنے شاندار تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کوفروغ دینے کے اقدامات عمل میں لائیں۔پائما کے عہدیداران نے یارن کی درآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ہر آنے والے دن کے ساتھ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت یارن کی درآمد پرریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرکے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سستا خام مال فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔یارن کے کمرشل امپورٹرز کو برابری کی سطح پر بلاکسی تفریق سازگارکاروباری ماحول فراہم کرنے سے یقینی طور پر برآمدی صنعتوں کو سستا خام مال میسر آئے گا اور صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی ہوگی جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔پائماعہدیداران نے مشیر برائے خزانہ،ریونیو اور اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے درخواست کی کہ اقتصادی اور معاشی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ معیشت کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے مو¿ثر پالیسیاں ترتیب دی جاسکیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیاکہ معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اورکرپشن پر قابو پا کرمعیشت کو تباہی سے بچایا جاسکتا ہے۔