واشنگٹن/اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کو 15 برس میں 33 ارب ڈالر امداد دے کر بیوقوفی کی، اب مزید نہیں دیں گے۔ان کے بقول اربوں ڈالر کی امداد لینے کے بدلے اسلام آباد نے جھوٹ اور دھوکے کے سواکچھ نہیں دیا۔ ٹرمپ نے یہ بات نئے سال کے آغاز پر ٹویٹر پر اپنے پہلے پیغام میں کہی ہے۔ان کا یہ کہنا تھا کہ اسلام آباد ہمارے رہنماؤں کو احمق سمجھتا رہا ہے، اس نے ان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کیے ہیں جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کرتے رہے اور اْ نہیں ڈھونڈنے میں کامیاب نہیں ہوئے،پاکستان ہم سے معمولی تعاون کرتا ہے ،اب ایسا نہیں چلے گا۔ادھر پاکستان نے امریکی سفیرڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے ٹرمپ کے بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیان کا نوٹس لیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اہم ملاقات کی ہے جس میں ٹرمپ کے بیان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔