حکومت عوام کو اذیت میں مبتلا رکھنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے ،مشتاق احمد خان

281

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جاتے جاتے غریبوں کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتی ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سونامی آئے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کرتے ، حکومت فوری طور پر قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے ۔ وفاقی حکومت نعرے عوام کی فلاح و بہبود کے لگاتی ہے لیکن عملاً عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہے۔ ملک میں مہنگائی کا عفریت پہلے ہی بے قابو ہے، حالیہ اضافے سے رہی سہی کسر بھی پوری ہوجائے گی۔ حکومت عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں سہولت دے، جماعت اسلامی اسمبلی اور اسمبلی سے باہر اس پر احتجاج کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی میں جماعت اسلامی کی صوبائی انتخابی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل،مولانا اسعداللہ، مرکزی امیرسراج الحق کے مشیر شبیر احمد خان،ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب اور دیگر ممبران شریک تھے۔ اجلاس میں کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی، حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، کبھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو کبھی بجلی اور گیس کے نرخ بڑھادیے جاتے ہیں۔حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو عوام کو اذیت میں مبتلا رکھیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مسلم لیگ کی حکومت نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے، عوام 2018ء کے انتخابات میں ان عناصر کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے، حکومت نے نئے سال کے پہلے دن تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کردیا ہے، حکومت کا فیصلہ واضح کرتا ہے کہ انہیں عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ، نہ ہی ان کے مشکلات کی پرواہ ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اور غیر دانشمندانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی اور مہنگائی سے تنگ عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے سے گریز کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ واپس لیا جائے اور قیمتوں میں کمی کا اعلان کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔