سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاسی تاریخ کا بڑا المیہ ہے،رانا عدنان خان

191

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاسی تاریخ کا بڑا المیہ ہے۔ یہ ظلم اور جبر کی انتہا ہے کہ طویل مدت گزرنے کے باوجود ریاستی دہشتگردی کے واقعہ کی تحقیقات و عدالتی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ وفاقی اور پنجاب حکومت نے حالات کو خود خراب کیا اور احتجاج کو آخری حد تک لے جانے کی ذمے دار نااہل حکومت ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے ساتھ اور قاتلوں، ظلم کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کی جدوجہد میں ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کے بعد عوامی بیداری کے سامنے حکومت پسپا ہوگئی۔ تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی سازشیں شروع ہوچکی ہیں۔ اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے عقیدہ ختم نبوت کے قوانین پر ڈاکا ڈالنے والے مجرموں کو انجام تک پہنچانا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان پوری امت کے مشترکہ مسائل ہیں۔ ان مسائل کے حل کے بغیر عالم ا سلام اور پوری دنیا میں امن ممکن نہیں۔ قبلہ اول بیت المقدس پر امریکی صدر ٹرمپ کو آلہ کار بنا کر اسرائیلی صیہونیت نے خوفناک وار کیالیکن پوری دنیا نے طویل مدت بعد اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جرأت مندی کا ثبوت دیا اور صیہونی سازش ناکام ہوگئی۔ عالم اسلام کے مسائل حل کرنے کے لیے پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور ایران کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔