ستر سال سے عوامی رائے غلط ثابت کرنے پر کام ہورہا ہے، نواز شریف

579

اسلام آباد: سابق اور نااہل وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 70 سال سے اس اصول پر کام ہورہا ہے کہ عوامی رائے ہمیشہ غلطی پر ہوتی ہے اور آج بھی ماضی کے اسی فرسودہ اصول پر کام ہورہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی طرف سے ایک غیر سنجیدہ ٹوئٹ افسوسناک ہے، 17 برسوں سے ایسی جنگ میں شریک ہیں جو ہماری ہے ہی نہیں، نائین الیون کے بعد جتنا نقصان پاکستان کا ہوا اتنا کسی کا نہیں ہوا۔

نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر کو معلوم ہونا چاہیے کہ 2013 میں پی ایم ایل (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا، دوسرے ممالک کو سفارتی آداب کا خیال رکھنا چاہیے۔ جب کہ کولیشن فنڈ سپورٹ کو امداد کانام نہیں دینا چاہیے تاہم وزیراعظم ایسی حکمت عملی وضع کریں جس سے ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہ رہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ سال انتخابات کا ہے، افسوس ہے کہ پہلے انتخابات پاکستان بننے کے 23سال بعد ہوئے اور انہیں بھی تسلیم نہ کیا گیا۔ انتخابات کے نتائج تسلیم نہ کرنے سے ملک ٹوٹ گیا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ خفیہ رابطوں اور غیر قانونی فیصلوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ پاؤں نہ باندھے جائیں اور کسی لاڈلے کے لیے ہر روز نئی ڈھیل اور نئی ڈیل کا انتظام نہ کیا جائے۔